بٹ خیلہ گرڈ سٹیشن پر جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا، شکیل احمد خان، جنید اکبر

پیر 26 ستمبر 2016 18:39

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بہبود آبادی شکیل احمد خان ایڈوکیٹ او ر ضلع مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے حلقہ پی کے 99- مالاکنڈ کی عوام کو بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ ، کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے بارے میں درپیش مسائل اورمشکلات کو حل کرنے کیلئے چیف پیسکو انوار الحق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر چیف پیسکو نے ان کو یقین دلایا کہ عنقریب بٹ خیلہ گرڈ سٹیشن پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا اور اسی طرح اکتوبر کے مہینے میں بٹ خیلہ فیڈر اور حصار بابا طوطکان فیڈر پر بھی بہت جلد کام شروع کیا جائیگاجو آئندہ سال جنوری میں مکمل کیا جائے گا، جن کی تکمیل سے حلقہ پی کے99-مالاکنڈ کے عوام کو باالخصوص اور ڈسٹرکٹ ضلع مالاکنڈ کو بالعموم بجلی کی کم وولٹیج اور اوورلوڈنگ کے سلسلے میں جو درپیش مشکلات ہیں ان کا مستقل بنیادوں پر ازالہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

شکیل خان نے پیسکو چیف سے کہا کہ حلقہ نیابت میں بجلی کی سہولیات سے محروم علاقوں کو بجلی کی سہولیات پہنچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ اس جدید دور میں بجلی کی سہولیات سے محروم لوگوں کو بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی میسر آ سکے۔اس موقع پر انہوں نے چیف پیسکو سے حلقہ میں بوسیدہ تاروں کی تبدیلی، کھمبوں اور نئے ٹرانسفارمرزکی فراہمی کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو زندگی کی تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ موجودہ حکومت مالاکنڈ میں توانائی کے شعبے میں کروڑوں روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کر رہی ہے اور بٹ خیلہ اور حصا ر بابا طوطکان فیڈرز کی تکمیل سے یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔