تعلیمی نظام میں ضروری اصلاحات ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہیں‘ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے ،جس میں صرف وہی ممالک ترقی کر رہے ہیں جو اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں‘صوبائی وزیر خزانہ کا ورکشاپ سے خطاب

پیر 26 ستمبر 2016 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے ،جس میں صرف وہی ممالک ترقی کر رہے ہیں جو اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں ، مقاصد سے عاری بے سمت تعلیمی نظام قوموں کے زوال کا باعث بن رہا ہے ، پاکستان سمیت دنیا کہ بیشتر ممالک میں بیروز گاری کی بڑی وجہ مارکیٹ میں لیبر کی ڈیمانڈ اورتعلیمی اداروں سے نکلنے والی فورس میں عدم مطابقت ہے، اس عدم مطابقت کو ختم کرنے کے لیے ہمیں آؤٹ کم بیس تعلیمی نظام کو فروغ دینا ہے اور آبادی کے اس 60فیصد حصے کو ضائع ہونے سے بچانا ہے جو ہماری آئندہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی میں آؤٹ کم بیس ایجوکیشن سسٹم کے اطلاق کے حوالے سے منعقدہ دوروزہ ورک شاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں ضروری اصلاحات ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہیں۔ اس وقت ملک کی معاشی ترقی کے لیے نوجوان ہی تبدیلی کا حقیقی عنصر ہیں جن کی درست سمت کی جانب رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یو ای ٹی جیسے ادارے ہیں جو معاشرہ کو بامقصد اور پیداواری تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کر رہے ہیں یہی ادارے پاکستان کے تعلیمی نظام میں آؤٹ کم بیس تدریسی نظام کے اطلاق کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے حکومت پنجاب یونیورسٹی کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔تدریسی نظام میں مثبت اصلاحات کے لیے ان کی تحقیق اور تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ اس قسم کی ورکشاپس طالبعلموں کے ساتھ ساتھ پالیسی سازوں کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوتی ہیں اس لیے ان کا وقتا فوقتا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے۔ سیشن سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالق اور پروفیسر میگت جوہری میگت نور نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فضل خالق نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت وقت اور حالات کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے فنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہم عالمی منڈیوں میں بہترین لیبر فورس شامل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا فروغ ہی معاشی ترقی کی کلید ہے۔

متعلقہ عنوان :