مسلم لیگ (ق) نے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی

حکومت کی احتیاطی تدابیر ناکام ہوگئیں ،ڈینگی کے بروقت سپرے نہ ہونے سے ڈینگی کامرض بڑھا رہا ہے‘خدیجہ عمر فاروقی

پیر 26 ستمبر 2016 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے ڈینگی کے مریضوں میں دن بدن اضافہ اور لاہور ،ملتان ،راولپنڈی جیسے بڑے شہروں کو ڈینگی کی لپیٹ میں آنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔ اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث رواں سال ڈینگی کر مریضوں کی تعداد450سے زائد ہوچکی ہے اور ڈینگی وائرس کے کیسز کے تعدد میں دن بد ن اضافہ ہورہا ہے ۔

جبکہ محکمہ صحت سب اچھا کا راگ الاپ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ حکومت کی احتیاطی تدابیر ناکام ہوگئیں ،ڈینگی کے بروقت سپرے نہ ہونے سے ڈینگی کامرض بڑھا رہا ہے جبکہ حکومت نے سرکاری سکولوں میں سپرے پر پابندی عائد کررکھی ہے اس سے قبل سرکاری سکولوں میں ناقص سپرے کے باعث سینکڑوں بچے بچیاں بے ہوش ہوگئے تھے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ڈینگی کے صحیح مریضوں کی تعداد اسمبلی میں پیش کرے اور ڈینگی سے نمٹنے کیلئے اب تک کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرے نیز امسال ڈینگی کے مرض کے خاتمہ کیلئے کتنا سپرے خریدا گیا اور کتنا استعمال کیا گیا اس کی رپورٹ بھی اسمبلی میں پیش کرے ۔