سندھ طاس معاہدے پر یک طرفہ فیصلہ کیا گیا تو بھارت کو عالمی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا‘ انجینئر یاسر گیلانی

پاکستان مکمل تیاری سے بین الاقوامی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے اور اپنی سفارتی کوششیں بھی تیز کرے‘ رہنما تحریک انصاف

پیر 26 ستمبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اب پاکستان کے خلاف آبی جارحیت پر اُتر آیا ہے نئی دلی سندھ طاس معاہدے پر نظرثانی کرکے پاکستان کا پانی بند کرنے کی سوچ رہا ہے ۔کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر یک طرفہ فیصلہ کیا گیا تو بھارت کو عالمی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آیا ہے جس کا نقصان اُسی کو اُٹھانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آئے دن بھارت مقبوضہ کشمیر اور مشرقی پنجاب میں جعلی حملوں کے ڈرامے رچا رہا ہے اور پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا کر غیر مستحکم کیا جا رہا ہے۔ 15اگست 2016 کو بھارتی یوم آزادی پہ تقریر کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان کے قبضے سے آزاد جموں کشمیر اور گلگت ، بلتستان کو آزاد کرائیں گے۔ پانی کے تنازعات کے حوالے سے پاکستان مکمل تیاری سے بین الاقوامی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے اور اپنی سفارتی کوششیں بھی تیز کرے تا کہ بھارتی آبی جارحیت کا بخوبی مقابلہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :