جلو وائلڈلائف پارک کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع

جلو پارک کا رقبہ43ایکڑ سے بڑھا کر 86ایکڑ کیا جارہا ہے ،تشکیل نو پر 350ملین روپے خرچ ہونگے ‘خالد عیاض خان جلو وائلڈ لائف پارک میں شیر سفاری ، ٹائیگرز سفاری ،ہرن سفاری ، بندر گھر اور چمپینزی گھر بنائے جائینگے ڈی جی جنگلی حیات و پارکس

پیر 26 ستمبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) جلو وائلڈلائف پارک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے اسٹیٹ آف دی آرٹ پارک بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ، پہلے مرحلے میں تمام سہولیات سے لیس جدید بریڈنگ سنٹر کے قیام کیلئے 40ملین روپے کا اجراکیا جا چکا ہے ۔جس پر جلد کام شروع کردیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے ملاقات کیلئے آئے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ1981ء میں 43ایکڑ رقبہ پر قائم کئے جانیوالے جلووائلڈ لائف پارک کو جدید تقاضوں اور سیاحوں خصوصاً بچوں کی دلچسپی کیلئے نئے سرے سے تیار کرنے اور ڈرائیوان زوکے قیام کیلئے 350ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور اس کا رقبہ 43ایکڑ سے بڑھا کر86ایکڑ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے کہا کہ جلو وائلڈ لائف پارک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے جبکہ محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اس منصوبے پر کام کا آغاز کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جلو وائلڈلائف پارک میں پہلے سے موجود بریڈنگ سنٹر میں جانوروں اور پرندوں کی کامیاب افزائش نسل جاری ہے اور یہاں افزائش پانے والے پرندوں اور جانوروں کو صوبہ کے دیگر پارکس اور چڑیا گھروں میں منتقل کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 2015-16کے دوران جلو وائلڈ لائف پارک کو 26لاکھ 66ہزار روپے کی آمدن ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نئے منصوبے کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ بریڈنگ سنٹر کے قیام سے جانوروں اور پرندوں کی نسل کی افزائش زیادہ بہتر اور زیادہ تعداد میں ہونا ممکن ہو سکے گا اور ان کی فروخت سے زیادہ آمدن مل سکے گی۔

ڈی جی جنگلی حیات نے کہا کہ نئے منصوبے کے تحت پہلے سے موجود عجائب گھر کا رقبہ بڑھا دیا جائے گا اور زیادہ تعداد میں حنوط کردہ جانور اور پرندے رکھے جائیں گے تاکہ بچوں کی دلچسپی اور معلومات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ جلو وائلڈ لائف پارک میں شیر سفاری ، ٹائیگرز سفاری ،ہرن سفاری ، بندر گھر اور چمپینزی گھر بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جلو وائلڈ لائف پارک میں سیاحوں کو ہر وہ جانور اور پرند ہ دیکھنے کو ملے گا جو لاہور چڑیا گھر میں موجود ہے ۔

متعلقہ عنوان :