حکومتی تعاون کے بغیر اپنے حلقے میں 12 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا چکے ہیں ‘ڈاکٹر مراد راس

پنجاب حکومت اپوزیشن اراکین اسمبلی کو فنڈز نہ دے کر عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے‘رکن پنجاب اسمبلی

پیر 26 ستمبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ حکومتی تعاون کے بغیر اپنے حلقے میں 12 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا چکے ہیں تاکہ اہل علاقہ کو صاف پانی مہیا ہو سکے حکومت کے کرنے کے کام ہم اپنی مدد آپ کے تحت سرانجام دے رہے ہیں پنجاب حکومت اپوزیشن اراکین اسمبلی کو فنڈز نہ دے کر عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھاپڑہ گلبرگ یو سی 206 میں بارہویں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبا ل بھی اُن کے ہمراہ تھے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے مجرمانہ غفلت کی وجہ سے لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں حکومتی دلچسپی صرف رسمی کارروائی تک محدود ہے۔ صاف پانی کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے لیکن حکمرانوں نے عوام کو اس بنیادی حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔