اسرائیل جیل میں پابند سلاسل فلسطینی نوجوان عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گیا

نوجوان کی شہادت صہیونی جیل انتظامیہ کی کھلی غفلت کا نتیجہ ہے، کلب برائے اسیران

پیر 26 ستمبر 2016 14:20

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) فلسطین میں اسیران کے حقوق کیلئے کام کرنیوالے ادارے’کلب برائے اسیران‘ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی ’ریمون‘ جیل میں عمر قید کے تحت پابند سلاسل فلسطینی یاسر حمدونہ عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی شہادت صہیونی جیل انتظامیہ کی کھلی غفلت کا نتیجہ بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق 40 سالہ یاسر حمدونہ ’ریمون‘ جیل میں عمر قید کی سزا کے تحت گزشتہ 14 سال سے پابند سلاسل تھے جہاں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باوجود انہیں کسی قسم کی طبی امداد مہیا نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں وہ گزشتہ روز جیل ہی میں دم توڑ گئے تھے۔اسرائیلی جیل میں جام شہادت نوش کرنے والے یاسر ذیاب حمدونہ کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تھا۔

وہ اپنی اسیری کے 14 سال قید میں گزار چکے تھے۔حمدونہ کی اسرائیلی قید میں موت پر فلسطین کے عوامی، سیاسی اور مذہبی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ فلسطینی حلقوں نے اسرائیلی ریاست کو حمدونہ کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دوران حراست فلسطینی شہری کی شہادت کی عالمی سطح پر تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :