جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ شہریوں میں تقسیم

ڈینگی کے خلاف سب سے بڑا دفاعی ہتھیار صفائی ستھرائی ہے‘پروفیسر غیاث النبی طیب

اتوار 25 ستمبر 2016 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء ) انسداد ڈینگی مہم کو موثر بنانے کے لئے جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر مبنی معلوماتی مواد اور پمفلٹس مریضوں کے لواحقین اور شہریوں میں تقسیم کئے، اس اقدام کا مقصد عوام کو ڈینگی کے خلاف مہم کا حصہ بنا کر انہیں صفائی ستھرائی اور آلودگی سے پاک ماحول کے قیام کی کوششوں میں شامل کرنا ہے- پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے انسداد ڈینگی مہم کے بارے میں بتایا کہ ڈینگی کے خلاف سب سے بڑا دفاعی ہتھیار صفائی ستھرائی ہے - گزشتہ چند سالوں میں عوام نے اس ہتھیار کے ذریعے ڈینگی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ کر اسے شکست دی ہے - انہوں نے معالجین پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو موسمی امراض کے علاج کے دوران انہیں ڈینگی کے بارے میں مکمل معلومات مہیا کریں اور انہیں اس مرض سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر ، مرض کی علامات ، علاج اور ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لئے صاف ستھرے ماحول کی اہمیت سے ضرور آگاہ کریں - انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی بخارکے مریضوں کے موثر، فوری اور بلا معاوضہ علاج کے فول پروف انتظامات کئے ہیں -بالخصوص لاہور جنرل ہسپتال میں انسداد ڈینگی کے خلاف خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں - انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو روزانہ کی بنیاد پر وارڈز، رہائشی کالونی ، ہاسٹلز اور کھلے مقامات پر سپرے کرانے کی ہدایت کی اور سینٹری سٹاف کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں - پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت تمام ڈاکٹروں کو تربیتی ورکشاپ کے ذریعے ڈینگی سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے - اسی طرح نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈکس کو بھی ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ ، علامات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیئے گئے ہیں -انہوں نے نرسنگ انتظامیہ کو بھی ایک مرتبہ پھر ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے چارٹ مکمل رکھنے پر پوری توجہ دیں کیونکہ یہ ریکارڈ مریض کی شفایابی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے - انہوں نے ہسپتال میں قائم ڈینگی کاؤنٹر پر عملے کو 24 گھنٹے الرٹ اور اپنی شفٹوں میں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی-انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی حکومت پنجاب ، تمام ادارے اور ان کا عملہ اپنے اپنے شعبوں میں کام کر رہا ہے تا کہ ڈینگی کسی صورت سر اٹھا نہ سکے اور شہری اس موذی مرض سے محفوظ رہیں-

متعلقہ عنوان :