ساہیوال ‘ ضلعی انتظامیہ نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات مکمل کر لئے ‘4لاکھ 31ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائیگی

ہفتہ 24 ستمبر 2016 23:24

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) ضلعی ساہیوال میں پولیو کے خلاف مہم کے دوران 4لاکھ 31ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی تا کہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔یہ مہم 26سے29ستمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین دیں گی۔پولیو مہم کے آغاز پر ایک خصوصی تقریب قیوم ہسپتال میں منعقد ہو ئی جس کے مہمان خصوصی ڈی سی او شوکت علی خاں کھچی تھے۔

اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اقبال حسین ‘ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سعد بن سعید‘ڈاکٹر عبدالخالق اور ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بھی موجو د تھے۔ڈی سی او نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا اور محکمہ صحت کے عملے کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں موجود بچوں کے ساتھ ساتھ سفر کرنے والا بچہ بھی ویکسین پینے سے محروم نہ رہے تا کہ ملک سے اس مہلک بیماری کا خاتمہ ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر سرکاری تنظیمو ں‘علماء کرام‘اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کو ویکسین پلانے کو یقینی بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور پولیو ٹیموں سے بھر پور تعاون کریں۔ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اقبال حسین نے بتایا کہ ضلع میں موجود ہر بچے کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 867موبائل‘ 112فکسڈ اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :