پنجاب یونیورسٹی میں مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد پاس، بھارتی مظالم کی شدید مذمت

ہفتہ 24 ستمبر 2016 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء ) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر مجاہد کامران کی زیر صدارت مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں الرازی ہال میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد پاس کی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پاکستان سے الحاق کی جدوجہد خالصتاََ کشمیری عوام کی جدو جہد ہے۔

اجلاس میں کہاگیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نے دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جنوری 1989 سے اکتوبر 2015 تک بھارتی فورسز نے 94273 کشمیریوں کو شہید کیا ہے جبکہ ایک لاکھ اکتیس ہزار دو سو بارہ سویلینز کو گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

10159 کشمیری خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی / گینگ ریپ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

جبکہ بہت سے واقعات میں کشمیری خواتین کے ساتھ زیادتی کر کے ان کے جسموں کو ٹکڑے کر کے تیزاب میں بہا دیا گیا ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نافذ کیا جائے اور انہیں حق خود ارادیت دیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور امریکہ کے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں جس کی وجہ سے مودی کو امریکہ کا ویزہ نہ دیا گیا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اقوام متحدہ رابطہ بھی کیا جائے گا اور قرارداددپیش کی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام حکومت اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستانی افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔