وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس،کانوں کی لیزنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے خودمختار اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

قدرتی وسائل کی تلاش اور ان سے استفادہ کیلئے محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پراستوار کیا جا رہا ہے‘شہبازشریف

ہفتہ 24 ستمبر 2016 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ معدنیات کی کارکردگی،قدرتی وسائل کی تلاش، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کانوں کی لیزنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے خودمختار اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کیلئے محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پراستوار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبے کے مائننگ ایریاز کا جامع سروے کیا جائے۔

(جاری ہے)

سروے میں ان علاقوں کا تعین کیا جائے جہاں صنعتی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول ہے۔ سروے کیلئے دنیا کی بہترین بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ محکمہ معدنیات اور پنجمن قدرتی وسائل کی تلاش اور اپنی صلاحیت میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے۔ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو جدید خطوط پر استوار کرکے نتائج دیئے جائیں۔

ادارے کی استعدادکار میں اضافے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے سابق ادوار میں مائننگ ایریاز میں کارخانوں کی خلاف ضابطہ توسیع کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کی پابندی نہ کرتے ہوئے کارخانوں میں توسیع ہوتی رہی اور متعلقہ محکمے اور حکام سوئے رہے، یہ ناقابل برداشت ہے۔اجلاس میں سیکرٹری معدنیات نے محکمہ کی کارکردگی، قدرتی وسائل کی تلاش اورمختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، چوہدری شیر علی،چوہدری محمد شفیق، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ماحولیات اور متعلقہ سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :