وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی ہائی کمشنرکی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے‘برطانوی ہائی کمشنر شہباز شریف کی لیڈر شپ کے باعث تعلیم،صحت اور سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں،فلاح عامہ کیلئے شاندار اقدامات کیے ہیں‘برطانوی وزیراعظم بھی پنجاب کی تیزرفتار ترقی کی تعریف کی ہے‘اگلے برس پاکستان آئینگی‘تھامس ڈریو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے برطانیہ کو اپنا کردارادا کرنا چاہیے‘پاکستان پرامن ملک ہے اورہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں‘ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے‘وزیراعلیٰ شہباز شریف

ہفتہ 24 ستمبر 2016 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں برطانیہ کے ہائی کمشنرتھامس ڈریو(Mr.Thomas Drew)نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے اورانہوں نے عوام کی فلاح وبہبود اورسماجی شعبوں کی بہتری کیلئے شاندار اقداما ت کیے ہیں ۔

شہباز شریف کی لیڈر شپ کے باعث تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مئے نے بھی پنجاب کی تیزرفتار ترقی کی تعریف کی ہے اوروزیراعلیٰ شہبازشریف پہلے غیر ملکی رہنماء ہیں جنہوں نے تھریسامئے کو وزرات عظمی کے عہدے پر نامزدگی کے بعد فون کر کے مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مئے کے اگلے برس پاکستان کے دورہ کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ باقی ملکوں کی طرح ہم بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کم ہواوربرطانیہ کو بھی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو ہم اس کیخلاف ہیں۔موجودہ صورتحال میں پاکستان کی سیاسی قیادت ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنرز ہیں۔پنجاب میں تعلیم،صحت اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بہتری کیلئے برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اوردونوں ملکوں کے مابین تعلقات ہر آنے والے وقت میں مستحکم ہو رہے ہیں۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر کامیابی سے عمل جاری ہے۔

ڈیفڈ کے تعاون سے صوبے میں سکول ریفارمز روڈ میپ کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور اسی طرح برطانیہ کے تعاون سے صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک بڑے پروگرام پر عملدر آمد کیا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی حکومت معاشی و اقتصادی شعبوں میں دوررس اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، اسی طرح حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے برطانیہ کو اپنا کردارادا کرنا چاہیے اورکشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پاکستان پرامن ملک ہے اورہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (DFID)کے صوبائی نمائندے بن فرینچ(Mr.Ben French)اورڈیفڈ کی نئی صوبائی نمائندہ روتھ گراہم(Ms.Ruth Graham)بھی اس موقع پر موجود تھیں۔