دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 161رنز کا ہدف دے دیا

ہفتہ 24 ستمبر 2016 22:41

دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 161رنز کا ہدف دے دیا

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24 ستمبر۔2016ء )دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 161رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، شرجیل خان اور خالد لطیف نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور تیسرے ہی اوور میں 2 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور خالد لطیف کے ہمراہ سکور آگے بڑھانا شروع کیا تاہم وہ بھی 19رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،شعیب ملک اور خالد لطیف کے مابین تیسری وکٹ کے لیے 27رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد خالد لطیف دوسرارن لینے کی کوشش میں 40کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے سرفراز کے ہمراہ 46گیندوں پر 69رنز جوڑے جس کے بعد ملک 37رنز بنا کر براوو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے۔میچ سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کم سکور پر آؤٹ کریں گے جب کہ سرفراز احمد نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے ۔ دونوں ٹیمیں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے عماد وسیم کی شاندار باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی،27سالہ آل راؤنڈر نے اس میچ میں صرف 14 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے بعد وہ ٹی ٹونٹی میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی سپنر بھی بن گئے ۔