آنے والے انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی سندھ کی ہر سیٹ پر الیکشن لڑے گی ، لیاقت علی جتوئی

مراد علی شاہ نے قومی خزانے کا کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے، پیپلز پارٹی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑ سکتے ، سابق وزیراعلیٰ کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 24 ستمبر 2016 22:32

آنے والے انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی سندھ کی ہر سیٹ پر الیکشن لڑے ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) عوامی اتحاد پارٹی پاکستان کے چیئرمین اور سابقہ وزیراعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی سندھ کی ہر سیٹ پر الیکشن لڑے گی اور پیپلزپارٹی کو کسی بھی جگہ کھلا میدان نہیں دیا جائیگا۔ مراد علی شاہ نے قومی خزانے کا کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

وہ لطیف آباد میں پارٹی رہنما شاہد حنیف کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ لیاقت جتوئی نے کہاکہ اگر ملک کو بچانا ہے تو سندھ میں گورنر راج نافذ اور کراچی کی طرح پورے سندھ میں جرائم پیشہ اور کرپٹ افراد کیخلاف آپریشن کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری نے فوج کی مخالفت میں بات کی ، انہوں نے بے گناہ لوگوں کو مروایا، ان کے خلاف قومی اور صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کیوں نہیں کی جاتی۔

(جاری ہے)

وزراء کروڑوں روپے دبئی میں آصف علی زرداری کو پہنچاکر آتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ صورتحال یہ ہے کہ 12ارب روپے وزیراعلیٰ ہاؤس کی تزئین وآرائش پر خرچ ہوتا ہے ، اتنی رقم سے کتنے ہی وزیراعلیٰ ہاؤس بنائے جاسکتے تھے۔ خیرپور سرکٹ کی مرمت پر 124ملین روپے ، کمشنر ہاؤس سکھر کی مرمت پر ساڑھے 3کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ بینک میں سب سے زیادہ کرپشن ہے ، یہ بینک آصف علی زرداری کی اے ٹی ایم کے طورپر جانی جاتی ہے، مراد علی شاہ نے سندھ میں بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے 2ارب روپے رکھے ، جبکہ آبادگاروں کی بحالی کیلئے ڈھائی ارب روپے رکھے گئے، یہ رقم آصف زرداری کے فرنٹ مین انور مجید کی جیب میں جاچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آصف زرداری دبئی سے بیٹھ کر سندھ کی حکومت چلارہے ہیں، تمام میرٹ کو بالائے طاق رکھ کر مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے ، جس وہ وقت وزیرخزانہ تھے تو انہیں ڈھائی ارب اور اب وزیراعلیٰ بننے کے بعد 6ارب روپے رشوت دیتے ہیں۔ کون سی تبدیلی آئی ہے، مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو تباہ کیا اور اب وہ صوبے کو تباہ کرنے کیلئے آئے ہیں، جتنی کرپشن انہوں نے کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، ان کے فرنٹ مین آج ارب پتی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے اور نیب فنانس ڈپارٹمنٹ کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے کر اس کی تحقیقات کرے، اگر کرپشن نہ نکلے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، انہوں نے الزام لگایا کہ سلیم بجاری جوکہ مراد علی شاہ کا فرنٹ مین ہے ، اسی طرح حاجن شاہ اور علی پھل پوٹونے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائی ہیں کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے۔ اسی طرح عذیر بلوچ نے بھی آصف علی زرداری کے حوالے سے جے آئی ٹی میں یہ انکشاف کیا ہے کہ آصف علی زرداری کے کہنے پر اس نے بینظیربھٹو اور مرتضیٰ بھٹو سمیت 100سے زائد افراد کو مروایا ہے۔

ڈاکٹر عاصم 406ارب روپے کی کرپشن قبول کرچکے ہیں ۔ ڈاکٹر نثار مورائی نے جے آئی ٹی میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے آصف زرداری کے کہنے پر عالم بلوچ کو مروایا ، ملک ریاض کو آصف زرداری کے کہنے پر 55ہزار ایکڑ زمین دی گئی جس کے عیوض اس نے اربوں روپے کا بلاول ہاؤس لاہور میں بنواکر آصف زرداری کو دیاہے ۔