ایبٹ آباد،دوپولیس اہلکاروں کوفائرنگ سے زخمی جنید کی لاش قبرستان سے مل گئی،لواحقین سراپااحتجاج

ہفتہ 24 ستمبر 2016 20:03

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) دوپولیس اہلکاروں کوفائرنگ سے زخمی جنید عرف جونی کی لاش قبرستان سے مل گئی۔ لواحقین سراپااحتجاج۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ پولیس کے اہلکاروں نے مخبرکی اطلاع پر لکھ پتی چوک میں بدنام زمانہ منشیات فروش جنیدعرف جونی کومنشیات کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار کرنے کیلئے چھاپہ مارا۔

تاہم جنید عرف جونی اوراس کے ہمراہ چھ مسلح افراد نے پولیس کی چھاپہ مارٹیم پر کلاشنکوفوں سے اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل وقاص اور شیرعلی شدیدزخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ڈی ایس پی میرپورسرکل امجدحسین کے مطابق لکھ پتی چوک میں کراس فائرنگ کے دوران جنید عرف جونی کوگولی لگی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم وہ زخمی حالت میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قبرستان میں فرار ہوگیا۔رات ساڑھے دس بجے کے قریب پولیس کو اطلاع ملی کہ جنیدعرف جونی کی لاش نواں شہرکے قبرستان میں پڑی ہوئی ہے۔ جب ہم موقع پر گئے تو جنید عرف جونی کی لاش مل گئی۔ جسے گولی لگی ہوئی تھی۔ جنیدعرف جونی کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیاہے۔جنیدعرف جونی کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کرنے والے دیگر پانچ چھ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جبکہ دوسری جانب جنید عرف جونی کے پوسٹمارٹم کے موقع پر اس کے ورثاء نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جنید کے بھائی شعیب خان اور عاقب خان نے صحافیوں کو بتایاکہ ان کے بھائی کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیاگیاہے۔ اس ماروائے قتل کا اگرہمیں انصاف نہ ملا تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔ ادھر ڈی آئی جی ہزارہ نے چارکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔۔

متعلقہ عنوان :