پاکستان اور ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آج مدمقابل ہوں گے

ہفتہ 24 ستمبر 2016 13:43

پاکستان اور ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آج مدمقابل ہوں گے

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24 ستمبر۔2016ء ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگا ،میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔دونوں ہی ٹیمیں انجری کے مسئلے کا شکار ہیں ،ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو جارح مزاج بلے باز کرس گیل، لینڈل سیمنز،ڈیرن سیمی اور آندرے رسل کی خدمات حاصل نہیں جبکہ طویل القامت پیسر محمد عرفان اور رومان رئیس انجری کے باعث قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز احمد کپتانی کے حصول کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھارہے ہیں ، اس سے قبل انہوں نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ میں اپنا لوہا منوایا تھا۔ ایسی ہی صورتحال ویسٹ انڈیز کے نئے نویلے کپتان کارلوس براتھ ویٹ کو ہے جنہیں حال ہی میں ڈیرن سیمی کی جگہ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 5ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے پاکستان نے 3اور ویسٹ انڈیز نے 2میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔