چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کا پری کوالیفائنگ راؤنڈ پرسوں سے شروع ہوگا

ہفتہ 24 ستمبر 2016 12:25

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 ستمبر۔2016ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کا پری کوالیفائنگ راؤنڈ اتوار سے مصحف سکواش کمپلیکس ،اسلام آبادمیں شروع ہوگا، پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے اے پی پی کو بتایا کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوگا۔

مصر کے عمر عبدالمعید انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا پری کوالیفائنگ راؤنڈ اتوار سے شروع ہوگا، جس میں ملک بھر سے 46 کھلاڑی شرکت کریں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے 27 اور 28 ستمبر کو ہونگے جبکہ ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ کے مقابلے29 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے مین راؤنڈ میں 12 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جس میں 7غیر ملکی اور 5 پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے.پاکستان جس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں سمیت غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملک میں رواں سال ہونے والے3بین الاقوامی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے، اسی طرح چیف آف نیول سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 14سے 22اکتوبر اور چیف آف ایئر سٹاف انٹر نیشنل سکواش ٹورنامنٹ 15سے 22نومبر تک جبکہ پی ایس ایف پاکستان انٹرنیشنل 4 سے 11دسمبر تک کھیلا جائے گا، یہ تین ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد اسلام آباد میں ہوگا، انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن 50ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کیلئے کوشش کررہا ہے۔ امید ہے کہ 50ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :