موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی،چوری شدہ کار برآمد، ملزم گرفتار

جمعہ 23 ستمبر 2016 18:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23ستمبر ۔2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے موٹروے (M-1) پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے چوری شدہ مہران کار برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایک ٹریکر کمپنی نے موٹروے پولیس مین کنٹرول روم اسلام آباد کو اطلاع دی کہ ایک مہران کار نمبر AVV-321تھانہ کراچی کمپنی اسلام آباد کے حدود سے چوری کی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید بتا یا کہ مذکورہ کار اس وقت موٹروے (M-1) پر غازی کے علاقے میں سفر کر رہی ہے۔ لہذا موٹروے پولیس مذکورہ کار کی برآمد گی میں مدد کرے۔ یہ اطلا ع ملتے ہی مین کنٹرول روم اسلام آباد نے متعلقہ سیکٹر کو مذکورہ کار کی ناکہ بندی کی اطلاع دی اور اطلاع ملتے ہی موٹروے (M-1) سیکٹر نے اپنی تمام پیٹرولنگ گاڑیوں کو الرٹ کر دیا ۔

(جاری ہے)

کچھ ہی دیر بعد موٹروے پولیس کے افسران SPOمحمد اویس اور POفہیم اکبر نے مذکورہ کار جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی کو موٹروے (M-1) پر صوابی کے علاقے میں رو کا اور کار میں سوار ملزم محمد بشیر سکنہ راولپنڈی کو گرفتار کرلیا۔

ملزم نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ RI-162لگائی ہوئی تھی۔ کار کی تلاشی کے دوران اصل نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن بک برآمد ہوئی ۔بعدازاں موٹروے پولیس نے گاڑی کے مالک راجہ بابر حسین سکنہ روالپنڈی اور لوکل پولیس تھانہ کراچی کمپنی کوکار کی برآمد گی کے بارے میں اطلاع دی اور مزید قانونی کاروائی کے لیے مالک کے موجودگی میں کار اور ملزم کو لوکل پولیس تھانہ کراچی کمپنی کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :