نواز شریف کے بیان پر بھارتی تنقید تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتی،دفتر خارجہ

جمعہ 23 ستمبر 2016 13:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 ستمبر۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے وزیراعظم محمد نواز شریف کے بیان پر تنقید تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتی، آزادانہ، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ استصواب رائے کشمیریوں کاحق ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے تنازع سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی، آزادانہ، منصفانہ اورغیرجانبدارانہ استصواب رائے کشمیریوں کاحق ہے۔

عالمی برادری نے کشمیریوں سے کیاگیاوعدہ پورانہیں کیاتاہم پاکستان جموں وکشمیرکے عوام کیساتھ کھڑ ا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی لفاظی حقیقت کونہیں جھٹلاسکتی اورکسی قسم کی تنقید تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیرکے عوام کاردعمل بھارتی موقف کو مسترد کرتاہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ برہان وانی کے قتل کیخلاف مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پرمظاہرے ہوئے ، کشمیریوں کے پرامن احتجاج کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کی گئی، سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو نابینا اور ہزاروں کو زخمی کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر تنقید تاریخی حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ7 دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا ہے۔