کراچی ، عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز، گورنر سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی

جمعہ 23 ستمبر 2016 12:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 ستمبر۔2016ء) کراچی میں حضرت عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار پر فاتحہ اورپھولوں کی چادر چڑھائی ، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید ابومحمد عبداللہ المعروف عبداللہ شاہ غازی کے 1286ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ، رات گئے مزار کو غسل دیا گیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے فجر کے وقت سرکاری طورپرعرس کی تقریبات کا آغاز کیا ، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عفریت سے چھٹکارا پانے کے لیے عبداللہ شاہ غازی کے پیار و امن کے پیغام کو آگے بڑھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ تقریبات کے آغاز سے قبل مزار کو سیل کرکے سوئپنگ کی گئی ۔ عرس کے موقع پر محفل نعت خوانی اور محفل سماع منعقد ہوگی جبکہ زائرین کیلئے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ عرس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :