وزیراعظم محمد نواز شریف سے نیپال کے وزیر خارجہ پریکاش سرن ماہت کی ملاقات

نیپالی وزیراعظم پُشپا کمال داہل کے لئے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا پیغام دیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 23:19

اقوام متحدہ ۔ 22 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان اور نیپال کے درمیان دوطرفہ آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے بدھ کو نیپال کے وزیر خارجہ پریکاش سرن ماہت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

اس موقع پروزیراعظم نے نیپالی وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ وزیراعظم پُشپا کمال داہل کو وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انکی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچا ئیں۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے دونوں رہنما مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پرنیپالی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا ایک اہم ملک ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کیلئے مواقعوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت دوطرفہ تجارتی حجم صرف 13 لاکھ 60 ہزار ڈالر ہے جو کہ زیادہ اطمینان بخش نہیں۔ دونوں ملک زراعت، فارماسیوٹیکل، انفراسٹرکچر اور آٹو موٹو انڈسٹری کے شعبوں میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر سارک سمیت دیگر کثیر الجہتی فورم کی سطح پر تعاون بھی زیر غور آیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سارک کو مزید موثر ادارہ بنایا جائے تاکہ جنوبی ایشیاء کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والے 19ویں سارک سربراہ اجلاس میں نیپالی وزیراعظم کے خیرمقدم کے منتظر ہیں۔

متعلقہ عنوان :