ٹیکس واپس لینے کے اعلان پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشکور ہیں ،خالد آرائیں

وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں کیبل آپریٹرز کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کے لئے معاونت کریں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں کیبل آپریٹرز کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کے لئے معاونت کریں اور 10 برس کے لئے کیبل انڈسٹری کو ٹیکس فری قرار دیں ،وزیر اعلی پنجاب بھی پی آر اے کا نافذ کردہ ظالمانہ ٹیکس واپس لیں، پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ( ایس آر بی) کا ٹیکس واپس لینے کے اعلان پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشکور ہیں ،وزیر اعلی پنجاب بھی پی آر اے کا نافذ کردہ ظالمانہ ٹیکس واپس لیں۔وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں کیبل آپریٹرز کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کے لئے معاونت کریں اور 10 برس کے لئے کیبل انڈسٹری کو ٹیکس فری قرار دیں۔

وہ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔اس موقع پر محمود آرائیں ،غفران مجتبیٰ اور دیگر بھی موجود تھے۔خالد آرائیں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کے بعد اچانک کیبل آپریٹرز پر نئے ٹیکس کا بم گرا دیا گیا اور سندھ ریونیو بورڈ( ایس آر بی) نے 2011 میں ایک نیا ٹیکس عائد کر دیا جسے کیبل سر وسز کا نام دیا گیا تھا ،اس نئے ٹیکس کے نفاذ کا مقصد معاشی حالات سے تنگ عوام پر مزید بوجھ بڑھانا تھا جوکہ کیبل آپریٹرز کو منظور نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹیکس کے حوالے سے جمعرات کو کیبل آپریٹرز نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور سندھ کی غریب عوام کے معاشی حالات آگاہ کیا اور بتایا کہ غریب آدمی کیبل فیس 2 سو روپے بڑی مشکل سے ادا کر پاتا ہے وہ ٹیکس کے بعد اضافی کیبل فیس کیسے ادا کر پائے گا عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کیبل آپریٹرز نے کیبل کی فیس میں اضافہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو آگا ہ کیا ہے کہ کیبل آپریٹرز پہلے ہی بے شمار ٹیکس ادا کر رہے ہیں جن میں پیمرا لائنس ٹیکس،فی صارف ٹیکس،ان ہاؤس سی ڈی چینل ٹیکس اورپیمرا کیبل آپریٹرز کی کل آمدن پربھی 5 فیصد ٹیکس وصول کر رہا ہے۔ایڈوانس انکم ٹیکس بھی پیمرا کے ذریعے وصول کیا جا رہا ہے۔خالد آرائیں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز نے وزیر اعلیٰ سندھ سے گزارش کی کہ ایس آر بی کے ٹیکس کو فوری طور پرواپس لیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس آر بی ٹیکس واپس لینے کا اعلان کیا اور ایس آر بی کے چیئرمین کو ہدایت بھی جاری کر دی ہیں۔

جس پر ہم وزیر اعلیٰ سندھ کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں وہ بھی پی آر اے کا ظالمانہ ٹیکس واپس لیں۔جس طرح پی آر اے کی جانب سے پنجاب میں انٹرنیٹ سروس پر وائیڈر اور تعلیمی اداروں سے سروس ٹیکس معاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سینما انڈسٹری کے فروغ کے لئے ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے اسی طرح کیبل انڈسٹری کو زندہ رکھنے کے لئے بھی ٹیکس چھوٹ دی جائے کیونکہ آئی ٹی یو کے تحت ڈیجٹیلائزیشن کی ڈیڈ لائن 2015 دی گئی تھی جسے بعد میں ستمبر 2016 تک توسیع دی گئی ہے۔

کیبل آپریٹر ز کو پیمرا کی جانب سے احکامات موصول ہوئے ہیں کہ 2016 کے آخر تک اینا لاک سسٹم ختم کرکے مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اورتمام صوبائی حکومتیں کیبل آپریٹرز کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کے لئے معاونت کریں اور 10 دس برس کے لئے کیبل انڈسٹری کو ٹیکس فری قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیمرا چیئرمین ابصار عالم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کیبل انڈسٹری کو ٹیکس فری قرار دینے میں اہم کردار ادا کریں اورچینج آف مینجمنٹ،ان ہاؤس ٹیکس اور فی صارف ٹیکس میں کمی کی جائے۔اور ڈی ٹی ایچ کی پالیسی کو 2 سال کے موخر کیا جائے۔