پاکستان نے کشمیریوں اور مظلوم مسلمانوں کی درست انداز میں ترجمانی کی، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے وزیر اعظم نواز شریف کا خطاب قوم کے جذبات کا عکاس ہے۔ پاکستان نے کشمیریوں اور مظلوم مسلمانوں کی درست انداز میں ترجمانی کی۔ بھارت خطہ میں امن نہیں چاہتا، ورنہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل ہونا ناممکن نہیں ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے خطے کے امن کی خاطر درست تجاویز پیش کی ہیں۔ اگر بھارت امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو ان کی خواہشات کے مطابق حق خود ارادیت کے اظہار کا موقع دے۔ کشمیریوں کی تین نسلیں اجڑ چکی ہیں، لیکن وہ اب بھی اپنے دیرینہ موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے تنازع کشمیر پر خاموشی اختیار کرکے خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچایا۔

سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر پر اپنی ناکامی کا ازالہ کرنے کے لیے اس کے حل پر توجہ دے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ کشمیر کو غیر عسکری خطہ بنانے کے لیے بھارتی فوجوں کی بے دخلی ضروری ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں فوجیوں کی تعیناتی سے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے اپنے موقف پر قائم رہے، پوری قوم حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :