مہاجر رابطہ کونسل کے صدر جاویدا قبال کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد کی ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاورق ستارسے ملاقات

مہاجر رابطہ کونسل نے مہاجروں کے حقوق کے حصول کیلئے ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ چلنے کاباضابطہ اعلان کیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) مہاجر رابطہ کونسل کے صدر جاویدا قبال کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاورق ستار سے پی آئی بی کالونی میں واقع عارضی مرکز پر ملاقات کی اور مہاجروں کے حقوق کے حصول کیلئے ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ چلنے کاباضابطہ اعلان کیا ۔ وفد میں مہاجر رابطہ کونسل کے نائب صدور اے کیو بندھانی ، مرتضی درانی ، فرحت جہاں،جوائنٹ سیکریٹری ، محمد آصف ، جمال سعید ،سیکریٹری اطلاعات سلیم عکاس ،سیکریٹری مالیات اشفاق احمد ،ایگزیکٹو اراکین حشام الدین اشرف ، جاوید خان ، اسلم اور محمد اعظم شامل تھے ۔

ملاقات میں جاوید اقبال نے ڈاکٹر فاروق ستار سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ 22اگست کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے فیصلے مہاجروں کی بقاء اور تحفظ کیلئے ایک بڑا اور احسن اقدام ہے اورمہاجر رابطہ کونسل مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد میں ایم کیوایم پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجر قوم کا اتحاد اور اتفاق ہی موجودہ نازک حالات سے ہمیں باہر نکال سکتا ہے اور انشاء اللہ تعالی ٰ مہاجررابطہ کونسل موجودہ صورتحال کے بعد پیدا ہونیو الے شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے جلد ہی مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گی جس سے مہاجر قوم میں اتحاداور یکجہتی پروان چڑھے گی اورایسے عناصر کی بیخ کنی ہوسکے گی جو موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر مہاجروں کے اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 22اگست کے بعد ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرنے والوں کو قبول کیاجائے اور ان کی ناانصافیوں اور محرومیوں کا خاتمہ یقینی طور پر ممکن بنایاجائے ۔جاوید اقبال نے مہاجر قوم کا مقدمہ جرات ، ہمت اور بہادری سے لڑنے پر ڈاکٹر فاروق ستار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا بھی کی ۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر رابطہ کونسل کے صدر اورارا کین کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) مہاجروں اور مظلوم قومیتوں کے حقوق کی جدوجہد پاکستان کے آئین و قانون میں رہتے ہوئے جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں آنے والی ہر رکاوٹ اور سازش کو ناکام بنائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان ، مہاجر وں او رمظلوم قومیتوں کے حقوق کی ترجمان ہے ، ہم پاکستان کے آئین و قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری پر کسی کو بھی انگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہاکہ ہم نے اپنے تمام فیصلے اللہ تعالیٰ کی ذات کو گواہ بنا کر کئے ہیں اوروقت اور حالات ثابت کردیں گے کہ ایم کیوایم پاکستان کے تمام اقدامات درست تھے اور ان فیصلوں او راقدامات میں ملک و قوم سے وفاداری ، مخلصی اور حب الوطنی کا عنصر سب سے زیادہ موجود ہے ۔