آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی میں ٹریفک جام سے شہریوں کو نجات دلانے کے لئے فوری اقدامات کریں،نجمی عالم

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں سید نجمی عالم اور ندیم بھٹو نے آئی جی سندھ بالخصوص ڈی آئی جی ٹریفک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں تمام چھوٹی ، بڑی سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک جام سے شہریوں کو نجات دلانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عرصہء دراز سے ٹریفک پولیس سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں اپنی نا اہلیت ثابت کر چکی ہے جبکہ شہری کا اصل مسئلہ ہی ٹریفک مینجمنٹ کا ہے جس کے لئے سائنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت کراچی ٹریفک پولیس صرف موٹر سائیکل سواروں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑی ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار لوڈنگ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بیجا تنگ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار ایسی جگہ چھپ کر گھات لگا کر موٹر سائیکل سواروں اور لوڈنگ گاڑیوں پر ہلہ بولتے ہیں جبکہ ان کے سامنے مرکزی سڑک پر لاکھوں گاڑیاں اور ان میں سوار شہری ٹریفک جام کی اذیت جھیلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا سوال ہے تو زیادہ تر بڑی گاڑیوں ، کاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ ٹریفک قوانین کو خاطر میں نہیں لاتے لیکن ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار ان سے نظریں چراتے نظر آتے ہیں جسکی وجہ سے شہریوں میں حکومت خلاف جذبات شدت اختیار کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ بہت ضروری ہے جس سے غیر ضروری ٹریفک جام کا خاتمہ بھی ہوگا اور عوام کو ریلیف بھی مہیا ہوگا، لہٰذا اس صورتحال کا تدارک کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :