گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ اور شہر میں جاری ترقیاتی کام ، میگا پروجیکٹس فراہمی و نکاسی آب کے عظیم الشان منصوبے K-IV ، S-III ،ماس ٹرانزٹ منصوبہ کے گرین ، اورنج اور بلیو لائن پر جاری کام ،شہر میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں جاری منصوبوں سمیت نئے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو زبر دست ریلیف حاصل ہو گا خا ص طور پر فراہمی و نکاسی آب کے میگا پروجیکٹس K-IV اورS-III کے مکمل ہونے سے شہر میں پانی کا مسئلہ نہ صرف حل ہو جائے گا بلکہ آئندہ کئی برس تک پانی وافر مقدار میں دستیاب بھی رہے گا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کو ہدایت کی جاری ترقیاتی کاموں کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے صوبہ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو رہی ہے اس ضمن میں سیاسی و عسکری قیادت پر عزم ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا ، امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ اور شہر میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے ایام میں صفائی ستھرائی کے کاموں سمیت آلائشیں ٹھکانے لگانے اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا کام موئثر، مربوط و منظم انداز میں کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر بلدیات جام خان شورو نے گورنر سندھ کو محکمہ بلدیات کی کارکردگی ، جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھرپور کو ششیں جاری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بعض منصوبوں کو بر وقت مکمل کرنے کے لئے دن رات کام شروع کردیا گیا ہے ، گرین لائن اور اورنج لائن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ میگا پروجیکٹس K-IV کو 2018 ء تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے گورنر سندھ کو شہر میں عیدالاضحی کے ایام میں صفائی ستھرائی ، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے کاموں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور شاہراہوں پر ٹوٹ پھوٹ کے کام بھی ترجیحی بنیادوں پر کئے جارہے ہیں ، حا ل ہی میں ملیر پل پر بڑے بڑے کریکس آگئے تھے جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہو رہی تھی جس کی مرمت کردی گئی اور دونوں ٹریکس ٹریفک کے لئے کھول دیئے گئے ہیں ۔