وزیراعلیٰ سندھ نے کیبل آپریٹرز پر سروس سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں کیبل آپریٹرز پر سروس سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔یہ فیصلہ انہوں نے کیبل آپریٹرز ایسوسی سی ایشن آف پاکستان کے وفد سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔کیبل آپریٹرز کے وفد کی سربراہی چیئرمین خالد آرائیں کر رہے تھے جبکہ وفد میں نائب چیئرمین غفران مجتبیٰ ،صدر اخلاق احمد ، نائب صدر محمود آرائیں ، زاہد علی اور لالا لطیف شامل تھے ۔

کیبل آپریٹرز کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کیبل آپریٹرز پر سیلز ٹیکس لاگو کرنے سے کیبل صارفین غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ روینیو بورڈ کو ہدا یت کی کہ کیبل آپریٹرز پر عائد سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری روکا جائے اور یہ معاملہ حتمی فیصلے کیلئے(SRB )کی بورڈ میٹنگ میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کراچی شہر کو خوبصورت بنانا چاہتے ہیں جبکہ کیبل فراہم کرنے کے نظام میں صفائی اور نفاست کا فقدان ہے اور تقریباً تمام علاقوں میں کیبل کی تاریں بجلی کے کنبھوں سے اِدھر اُدھربے ترتیب لٹکتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

انہوں نے کیبل آپریٹرز سے درخواست کی کہ کیبل کی وائر انڈر گراؤنڈ کرنے کے لئے ہماری مدد کریں اور شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے آپ لوگ بھی اپنا کردار ادا کریں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کیبل آپریٹرز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔کیبل آپریٹرز کے چیئرمین خالد آرائین نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے اپنے کیبل سسٹم کو انڈر گراؤنڈ کرنے کا آغاز کرلیا ہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :