سندھ صوبے میں انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے بے پناہ مواقعے موجود ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ

میں سعودی سرمائیکاروں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، سعودی قونصل جنرل سے ملاقات

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ صوبے میں انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے بے پناہ مواقعے موجود ہیں اور میں سعودی سرمائیکاروں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا پھر بی او ٹی موڈ کے تحت سندھ میں سرمایہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی قونصل جنرل محمد عبداللہ عبدالدائم سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔سعودی قونصل جنرل آج وزیراعلیٰ ہاؤس آئے ہوئے تھے اور انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقعہ پر بات چیت کی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمائیکاری کرنے کے بے پناہ مواقعے حاصل ہیں،کیونکہ ہمارے پاس بجلی پیدا کرنے کیلئے کوئلے کے ذخائر اور ونڈ اور سولر انرجی کے کوریڈور بھی موجود ہے،جہاں پر بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس ایک سال کے اندر ہی نصب کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے سرمایہ کاری سندھ کے عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔اس موقعے پر سعودی قونصل جنرل نے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب کی بزنس کمیونٹی سے بات کریں گے اور انکو سندھ صوبے میں میسر سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دیں گے،قونصل جنرل محمد عبداللہ عبدالدائم نے کہا کہ کراچی دنیا کا واحد شہر ہے جوکبھی نہیں سوتا اور آپ جس وقت بھی دیکھیں لوگ شہر میں نقل و حرکت کرتے رہتے ہیں اور ریسٹورنٹ، ہوٹل اور ہر قسم کی بزنس مارکیٹ کھلے رہتے ہیں اسی وجہ سے مجھے کراچی بہت پسند ہے۔

اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کراچی شہر کو مزید ترقی دلانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اور انکو یقین ہے کہ وہ بہت جلد کراچی کو اس کا کھویا ہوا عروج واپس دلاکر دوبارہ سے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنادیں گے اور یہ سب ممکن ہے کیونکہ اس شہر کے لوگ اپنے شہر سے پیار کرتے ہیں اور مجھ پر اعتماد کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے مسئلے کا حل نکالا جائے، اس پر قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے سعودی حکومت نے کمیٹی تشکیل دی ہے، سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کا مسئلہ کچھ ہی ہفتوں میں حل ہوجائے گا۔

بعد ازاں سعودی قونصل جنرل محمد عبداللہ عبدالدائم نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو قرآن شریف کا تحفہ پیش کیا اور وزیراعلیٰ سندھ نے قونصل جنرل کو سندھی ثقافتی تحفہ اجرک پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :