افواج پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، بھارت کا اڑی ڈرامہ مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی نئی لہر سے بھارت پریشانی کا شکار ہے ،کشیدگی بڑھا کر بھارت نے پاکستان پر حملے کی تیاری شروع کر دی ، وزیراعظم نے اقوام متحدہ سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی سرکاری پر پاکستان دشمنی اور جنگی جنون کا بھوت سوار ہے لیکن اس کو بتادینا چاہتے ہیں کہ افواج پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں پیش کیا ، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی نئی لہر سے بھارت پریشانی کا شکار ہے، اس مسئلے سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بھارت نے اڑی حملہ پلان کیا ۔

وہ جمعرات کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مین تنازعہ کشمیر کا ہے جب تک یہ حل نہیں ہوجاتا تو پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

بھارت پر خصوصاً مودی سرکاری پر پاکستان دشمنی اور جنگی جنون کا بھوت سوار ہے جب سے نریندر مودی حکومت میں آئے ہیں کسی نہ کسی صورت میں وہ پاکستان سے کشیدگی برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں واضح انداز میں تقریر کی اور دنیا کے سامنے اس مسئلے کو رکھا ۔مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی نئی لہر سے بھارت پریشانی کا شکار ہے اور اپنی خفت مٹانے کے لئے انہوں نے اڑی حملے کا ڈرامہ کیا ہے اور کشیدگی بڑھا کر پاکستان پر حملے کی تیاری شروع کر دی ۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔