صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے 2014میں جھٹ پٹ مارکیٹ لیاری کے بم دھماکہ کے 48متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے

جمعرات 22 ستمبر 2016 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے کمشنر آفس کراچی میں2014میں جھٹ پٹ مارکیٹ لیاری کے بم دھماکہ کے 48متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے اس موقع پر لیاری سے منتخب ایم پی اے ثانیہ ناز ،جاوید ناگوری ،کمشنر کراچی اعجاز علی خان ،ڈپٹی کمشنر جنوبی سلیم احمد راجپوت ،ڈی ایم سی جنوبی کے چیئر مین ملک فیاض کے علاوہ پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے رہنما حاجی قاسم بلوچ،خالق جان ،اسلیم بلوچ ،خلیل ہوتھ ،اقبال بلوچ ،نوید بلوچ کے علاوہ بم دھماکے کے شہداکے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد نے شرکت کی امدادی چیک11شہداکے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور زخمی ہونے والے37افراد کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے گئے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی نے کہا کہ ہم شہداکے لواحقین کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں ہم ان کے غم کا مداوا نہیں کرسکتے لیکن داد رسی کرکے ازالہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کی روشنی میں ان کی سالگرہ کے موقع پر ضرورت مندوں کی امداد اور داد رسی کی جارہی ہے۔ان کی سالگرہ سادگی سے مناتے ہوئے اسپتالوں اسکولوں اور ضرورت مند لوگوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کو ہم نے کبھی نہیں بھلایا بلکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ لیاری کے عوام کے ساتھ ہر دکھ سکھ میں شریک رہی ہے ۔یہ افسوس ناک واقع جنہوں نے بھی کیا وہ انسان کہلانے کے مستحق نہیں تھے نلکہ حیوان سے بھی بدتر تھے جو انسان اور انسانیت کے خلاف تھے ہم اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں رینجرز اور سندھ پولیس کی مدد سے ان کا خاتمہ یقینی بنائیں گے ۔

کراچی جو روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا دوبارہ روشنیوں کے شہر میں تبدیل ہورہا ہے ۔لیاری میں امن وامان قائم ہورہا ہے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔شہداکی زندگیاں ہم سب کے لئے اہمیت کی حامل تھیں اس موقع پر ایم پی اے ثانیہ ناز ،جاوید ناگوری اور ملک فیاض نے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان شہداکے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔

دیر سے امداد دینے پر معذرت خواہ ہیں جو کام جلد ہونا چاہئے تھا لیکن سرکاری معاملات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی جس کا اعادہ آئندہ نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں کراچی سمیت سندھ بھر میں امن بحال ہورہا ہے ۔لیاری کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں لیاری کے نوجوانوں روزگار فراہم کرنے کے لئے کراچی کے صنعت کاروں کا آگے آنا چاہئے ۔وفاقی حکومت اپنا رویہ درست کرتے ہوئے دوہرا معیار ختم کرے عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات کرنے پر سابق وزیر اعلی سید قائم علی شاہ ، موجودہ وزیر اعلی سید مراد علی شاہ اور محترمہ فریال تالپور سمیت پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :