چیئر مین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کا دیا مر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ

ملک میں پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کیلئے دیا مر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہایت اہم منصوبے ہیں واپڈانے دونوں منصوبوں کے مین ورکس پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کیلئے حکمت ِ عملی تیار کرلی ہے ‘دورے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے دیا مر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔اپنے دورے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ملک میں پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پورا کرنے کے لئے دیا مر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نہایت اہمیت کے حامل ہیں ۔

اگر چہ دونوں منصوبوں کے لئے زمین کی خریداری اور پراجیکٹ ایریاز میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام جاری ہے ، تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ دونوں منصوبوں کے مین ورکس پر تعمیراتی کام کا جلد از جلد آغاز کیا جائے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دونوں منصوبوں کی اہمیت کے پیشِ نظر واپڈا نے اِن منصوبوں کے مین ورکس پر تعمیراتی کام کے جلد آغاز کے لئے حکمت ِ عملی تیار کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

دیا مر بھاشا ڈیم کے دورے پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے ڈیم سائٹ ، پراجیکٹ کا لونی تھور ، اور متاثرین کی آبادکاری کے لئے تعمیرکئے جارہے مثالی گاؤں ہرپن داس کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اِس دوران چیف سیکرٹری گلگت بلتستان طاہر حسین بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔چلاس میں ایک میٹنگ کے دوران چیئرمین واپڈا نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے ساتھ دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لئے زمین کی خریداری ، متاثرین کی آبادکاری اور پراجیکٹ ایریا میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے واپڈا کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں گفتگو کی ۔

بعد ازاں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔ اِس دوران وہ ڈیم سائٹ پر گئے، جبکہ پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کے لئے جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا ۔اپنے دورے میں چیئرمین واپڈانے مقامی جرگے سے بھی ملاقات کی ، جرگے کی سربراہی خیبرپختونخوا اسمبلی کے رُکن عبدالستارکر رہے تھے ۔

چیئرمین نے جرگے سے کہا کہ وہ منصوبے کے لئے درکار زمین کی خریداری کے عمل میں مدد کرے تاکہ منصوبے پر تعمیراتی کام مزید کسی تاخیر کے شروع کیا جاسکے ۔ چیئرمین واپڈا نے یہ اعلان بھی کیا کہ واپڈا اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر مقامی سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے تعمیراتی کام فوراً شروع کررہا ہے تاکہ مقامی لوگوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آسکے ۔