وزیر کھیل محمود خان کی خیبرپختونخوا میں سپورٹس سکیموں پر جاری کام تیز کرنے کی ہدایت

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی تمام تحصیلوں میں کھیل کے میدان آباد کرنے،جن گراؤنڈز میں کھیل رکے ہوئے ہیں انہیں سب سے پہلے مکمل کرنے،تعمیراتی کام مزید تیز کرنے اور سپورٹس سکیموں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کافیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو کھیل کے بہترین مواقع فراہم ہو سکیں۔

یہ فیصلہ خیبر پختونخواکے وزیر برائے کھیل،ثقافت،میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز محکمہ کھیل و ثقافت میں زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں طلب کئے گئے ایک اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری طارق جان،ڈپٹی سیکرٹری عادل سعید صافی،ایم ڈی ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوامشتاق خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کیلئے کھیل کے میدان آباد کئے جائیں اور ان گراؤنڈز میں کھیلوں کی تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ا علیٰ حکام کو تحصیل پلے گراؤنڈز پر تعمیراتی کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر کے محکمہ سپورٹس کے حوالے کرنیکی ہدایت کی تاکہ عمران خان کے مشن کو پورا کیاجاسکے۔

صوبائی وزیر محمود خان نے ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخواکے ایم ڈی مشتاق خان کو ہدایت کی کہ سوات میں مختلف مقامات پر پکنک سپاٹس بنائے جائیں اور جاروگو جھیل اور گبین جبہ میں سیاحوں کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سیاح ان قابل دید مقامات سے لطف اندوز ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :