بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہوچکا ہے، کشمیر کی تحریک آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگی ماحول پیدا کررہا ہے‘صاحبزادہ حامدرضا

قوم ممکنہ بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کیلئے متحد ہے، پاکستان سے غداری اور بے وفائی کرنے والوں کی رسوائی کا وقت آپہنچا ہے

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہوچکا ہے، بھارت کشمیر کی تحریک آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگی ماحول پیدا کررہا ہے، قوم ممکنہ بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کیلئے متحد ہے، پاکستان سے غداری اور بے وفائی کرنے والوں کی رسوائی کا وقت آپہنچا ہے،اہل حق ناموس ارض وطن پر کو ئی آنچ نہیں آنے دیں گے،تکفیریت اور خارجیت کا فتنہ امت کیلئے ناسور بن چکا ہے،داعش کا اسلام اور مسلمانوں سے کو ئی تعلق نہیں،القاعدہ اور داعش جیسی تنظیمیں اسلام کو بد نام کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان مخالف بل قابل مذمت ہے۔ اہل سنت دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ تمام غداران وطن بے نقاب ہوچکے ہیں۔ استحکام وطن کیلئے دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے ۔

ملک میں احتساب کا خوف ختم اور جزا و سزا کا نظام فنا ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کل بھوشن کا ذکر بھی کرناچاہیئے تھا۔ بھارتی مہم جو ئی سے خطے کا امن متاثر ہو گا۔ عالمی برادری بھارتی جنگی جنون کو روکے۔ جنگ رسمی ہو یا ایٹمی بھارت کو فوراََ جواب ملے گا۔ ایف آئی اے اور نیب کا پانامہ لیکس کی تحقیقات سے انکار افسوسناک ہے۔

متعلقہ عنوان :