مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور اندھا کیا وہاں کے لوگ غصے میں ہیں ٗوزیر اعظم

بھارت اْڑی واقعے کی ذمہ داری بھی ہم پر ڈال رہا ہے ٗ معیشت میں بہتری کا بھی دنیا اعتراف کرتی ہے ٗ نواز شریف کی گفتگو

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:29

مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور اندھا کیا وہاں ..

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور اندھا کیا وہاں کے لوگ غصے میں ہیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے 170 بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو اندھا کردیا وہاں کے لوگ غصے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے لیڈروں سے کشمیر پر خصوصی طور پر بات کی ہے، ہم ہر جگہ یہ مسائل اٹھاتے رہے ہیں لیکن پاکستانی میڈیا کو بھی ہمارے ساتھ محنت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اْڑی واقعے کی ذمہ داری بھی ہم پر ڈال رہا ہے، بھارت نے 10 سے 12گھنٹے میں ہی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی جس سے سب کے دلوں میں شکوک پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے بڑی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے 2 لاکھ 4 ہزار فوجی بڑی جنگ لڑرہے ہیں ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کو توانائی بحران درپیش تھا اور اس کے ساتھ دہشت گردی بھی تھی لیکن ہماری حکومت نے اس بحران پر کافی حد تک قابو پالیا ہے جب کہ معیشت میں بہتری کا بھی دنیا اعتراف کرتی ہے۔