وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کی نمائندگی اور بھارتی جارحیت کیخلاف آواز اٹھانا انتہائی احسن قدم ہے، دنیا کا کوئی بھی مذہب یا قانون کسی سے جینے کا حق چھیننے کا درس نہیں دیتا

امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی کی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،( آج)جمعہ کو جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمائینگے۔ سعودی عرب سے واپسی پر ائیرپورٹ پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کی نمائندگی اور بھارتی جارحیت کیخلاف آواز اٹھانا انتہائی احسن قدم ہے۔

دنیا کا کوئی بھی مذہب یا قانون کسی سے جینے کا حق چھیننے کا درس نہیں دیتا۔ بھارتی فورسز انسانیت سوز تشدد کر ہی ہیں۔ بھارتی فورسز نے تحریک آزادی کے نوجوان لیڈر برہان وانی سمیت ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر دیا اور کتنے ہی زخمی اور نابینا ہو گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج مظلوم بے گناہ کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کر رہی ہے۔ تحریک آزادی دبانے کیلئے کرفیو نافذ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیلئے 70سال انتظار کیا ہے۔ اب اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ وادی میں کرفیو ختم کرائے اور اسے غیر فوجی علاقہ قرار دے تاکہ بے گناہ کشمیری لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو مرکز و محور کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا ناصر محمود جانباز، سلمان عادل و دیگر نے انہیں فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد بھی پیش کی۔