کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کی شاخ کا بھارتی افواج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اوڑی حملہ بھارتی خفیہ اداروں کی کاروائی ہے ، بھارتی الزامات غلط ہیں ، واقعے کا مقصد صرف اور صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے، غلام محمدصفی، میر طاہر مسعود و دیگر قائدین کا مظاہرے سے خطاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کی شاخ کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں اوڑی حملہ کو بھارتی خفیہ اداروں کی کاروائی قرار دیتے ہوئے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا گیا.جمعرات کو ہونے والے اس مظاہرے سے حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمدصفی، میر طاہر مسعود و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں کے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ہر دن بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ پچھلے ڈھائی ماہ میں 115 سے زائد کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوڑی حملہ بھارتی خفیہ اداروں کی کارستانی ہے اور اس حملے کا مقصد صرف اور صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

مقررین نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خطاب کو بھی سراہا گیا اور ساتھ ہی اس توقع کا اظہار بھی کیا گیا کہاامریکہ میں عالمی رہنماوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں کشمیریوں کی آواز کو بلند کرتے رہیں گے۔مظاہرے میں حریت رہنماوں سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد میں مقیم کشمیریوں نے شرکت کی اور مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے