ضلعی حکومتوں کو خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ضلعی حکومتوں کو خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے کے خلاف ایک تحریک التوئے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روزنامہ دنیا کی مورخہ 20ستمبر 2016 کی خبر کے مطابق پنجاب کی 4015 یونین کونسلوں کے لئے ضلعی حکومتوں کو جوائنٹ اکاؤنٹ کے بغیر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ صوبائی ٹرانزیشن ٹیم نے فنڈز کے اجرا کے لئے ڈی سی اوز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے جوائنٹ اکاؤنٹ کھلوانے کی شرط عائد کی تھی جو نظر انداز کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی جانب سے رائیونڈ مارچ کے اعلان کے بعد نئی اور پرانی یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دفاتر وغیرہ کے لئے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے فنڈز تاحال ضلعی حکومتوں کی منتقل نہیں ہو سکے۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے بھی تاحال ڈی سی او اور اے ڈی ایل جی کا جوائنٹ اکاؤنٹ نہیں کھل سکا فنڈز جاری ہونے کے بعد جوائنٹ اکاؤنٹ کے لئے اے جی آفس سے رابطہ کر لیا گیا۔ پنجاب کی بیشتر ضلعی حکومتوں کی یہی حالت ہے جن کے پاس فنڈز کے اجرا کا لیٹر تو ہے لیکن فنڈز موجود نہیں۔