وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی میں ہونے والے خطاب نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،مفتی ابوہریرہ محی الدین

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) مجلس صوت الاسلام پاکستان کے چیئرمین مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے جنرل اسمبلی میں ہونے والے خطاب نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ وزیر اعظم نے کشمیر اور دہشت گردی سمیت تمام اہم ایشوز پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

مفتی ابوہریرہ محی الدین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کے ولولہ انگیز خطاب نے بھارت کو مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کردیا ہے۔ اقوام متحدہ سے بھارتی مظالم کی تحقیقات کا مطالبہ بہت اہمیت کا حامل ہے جس سے بھارت پوری دنیا میں بے نقاب ہوگا۔ مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے، کشمیریوں پر مظالم بھی ڈھارہا ہے اور الزام تراشی بھی پاکستان کے خلاف کی جاتی ہے، وزیر اعظم نے بھارت کی دوغلی پالیسی کو عالمی فورم پر بے نقاب کرکے ہر پاکستانی کے دل کی ترجمانی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور عالمی طاقتوں کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے مشترکہ مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے اور پڑوسی ممالک پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کا عمل بند کریں۔مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی کی بھی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والی نہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

مفتی ابوہریرہ محی الدین نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور اس عظیم قوم کے جذبۂ ایمانی کا مقابلہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو پاک فوج پر فخر ہے جو اس وقت دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہے اور اندرونی وبیرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہے اور پوری قوم جذبہ حب الوطنی سے سرشار افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

متعلقہ عنوان :