کراچی ،پولیس کی کارروائی ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث 5ملزمان گرفتار ،اسلحہ اور کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) ضلع غربی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث سیاسی جماعت 5ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور موبائل فونز برآمد کرلیے ہیں ۔گرفتار ملزمان نے دوران تفیش شہر میں جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں ۔

آئی جی سندھ نے عمدہ کارکردگی پر پولیس پارٹی کے لیے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔یہ بات ایس ایس پی ویسٹ پیر محمد شاہ نے جمعرات کو اپنے دفتر کیماڑی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے احکامات پر ڈی آئی جی ویسٹ زون ذوالفقارلاڑک کی سربراہی میں شہر بھر میں جاری کومبنگ آپریشن کے دوران کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے ڈی ایس پی جاوید عباس کی کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ،جس نے سینٹ میری اسکول رحیم شاہ کالونی کے قریب کارروائی کرکے ملزمان محمد امجد عرف باہو ،ارشد حسین ولد محمد یوسف ،جنید محمود عرف جمی ولد ارشد محمود اور محمد شاکر ولد محمد سعید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،گھروں میں ڈکیتیوں ،جیولری کی دکانوں میں ڈکیتیوں سمیت اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں کروڑوں روپے کی لوٹ مار کا اعتراف کیا ہے ۔ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سال 2013میں نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود حیدری ماکیٹ میں سونار سلمان حنیف کی دکان سے چار کروڑ روپے مالیت کا 8کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جس میں سے دو کروڑ روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا گیا ہے ۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ملزمان نے ایک دوسری واردات میں مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سمامہ مارکیٹ میں اپنے 10سے مسلح ساتھیوں العارف جیولرز سے 2کروڑ روپے مالیت کا سونا لوٹا جس میں ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا گیا ہے ۔گرفتار ملزمان نے 2012میں بڑا بورڈ کے علاقے پیپلزپارٹی کے رہنما علی احمد کی گاڑی کو آگ لگادی تھی اور اس کے گن مین سے کلاشنکوف لے کر فرار ہوگئے تھے پولیس نے مذکورہ کلاشنکوف بھی برآمد کرلی ہے ۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ملزمان باڑی ماکیٹ ،گارڈن ،ابوالحسن اصفہانی روڈ اور حسین آباد کے علاقے میں میمن فاؤنڈیشن کے پاس اسلحہ کے زور پر کرنسی ایکس چینج ایجنٹ سے 6پیکٹ ریال کے چھینے اور 60لاکھ پاکستانی روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔جبکہ ملزمان سے ناظم آباد کے علاقے میں محمد اقبال کے گھر سے 10لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی چھینی جس میں سے 6لاکھ روپے کا مالیت کا سونا برآمد کرلیا گیا ہے ۔

ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ ملزمان نے سال 2010سے 2015کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اے این پی کے کارکن شاہد برکت ،فرحان پٹھان ،آصف کالونی بڑا بورڈ میں اپنے ہی ایک ساتھی ندیم عرف لمبا ،چھوٹا میدان پاک کالونی کے پاس ارشد عرف کالا اور شاہنواز کو فائرنگ کرکے قتل کیا ۔ملزمان سے 3کلاشنکوف ،2ٹی ٹی پستول ،ایک نائم ایم ایم پستول ،2ایم پی فائیو ،36بور رائفل ،2کلاشنکوف ،تین عدد پستول اور ایک ایم پی فائیو نما 38بور رائفل برآمد کی گئی ہے ۔

جبکہ تقریباً 6کلو کا تین کروڑ سے زائد مالیت کا سونا ،210موبائل فونز اور 5ٹیبلٹ فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ گروہ کے سرغنہ محمد امجد عرف باہو کا تعلق ایم کیو ایم کے یونٹ 186-Aپاک کالونی سے ہے ۔اس موقع پر لیاقت آباد جیولرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ ہم پولیس کے شکر گذار ہیں جنہوں نے تاجروں سے لوٹا ہوا کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کیا ہے اور یہ برآمدگی بھی پوری دکھائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کو سزا دلانے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔جبکہ آئی جی سندھ نے پولیس پارٹی کے لیے عمدہ کارکردگی پر 10لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔