وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھر پور طریقے سے دلیرانہ انداز میں پیش کیا،سر زمین خان

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں ،کشمیریوں پر ہونے والے مظا لم کی تحقیقات کرائی جائے ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) وفاقی پارلیمانی سکریٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری سر زمین خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کو بھر پور انداز میں زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے دلیرانہ انداز میں پیش کیا اور دہشتگردی کے متعلق پاکستان کا موقف واضح کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں ،کشمیریوں پر ہونے والے مظا لم کی تحقیقات کرائی جائے اور کشمیر کو غیر فوجی علاقہ قرارد دیا جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مسئلہ کشمیر سے متعلق دو ٹوک موقف ہے او ر اسی موقف کی ترجمانی وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماضی میں بھی اپنے جنرل اسمبلی کے خطبات میں کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہش کے مطابق وہاں رائے شماری کرائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے بھی دنیا پر واضح کر چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیرجنوبی ایشاء میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ وفاقی پارلیمانی سکریٹری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی خراب ہے اور ظالم بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں پر چھرے والی بندوقوں سے وار کر کے اُن کو عمر بھر کی بینائی سے محروم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انسانی حقوق کی اس شدید پامالی اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے پس منظر میں مسئلہ کشمیر کو جنرل اسمبلی کے عالمی فورم پر بھر پور انداز میں اٹھایا سرزمین خان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے علاوہ دنیا کے تمام فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کو بے نقاب کر رہا ہے۔

اور اپنے کشمیری بھائیوں کی دنیا کے تمام فورمز پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم پر پردہ ڈالنے کے لیے فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے کا ڈھونگ رچایا تاکہ پاکستان اور کشمیریوں پر الزام لگا کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کے ان مذموم ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہے اور بھارت ایسی مذموم کاروائیاں سے پرامن تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر اور غیور کشمیری عوام اپنی تیسری نسل بھی آزاد ی کی راہ پر قربان کر چکے ہیں اور آج آنے والی نئی نسل بھی آزاد ی اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ گمان کرناکہ وہ تشدد سے کشمیری عوام کو دبا سکتا ہے تو یہ ایک دیوانے کے خواب سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق رائے شماری تک بہادرکشمیری عوام کی پر امن تحریک آزادی جاری رہے گی ۔