پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے امریکا سے جدید ٹری ٹرانسپلانٹرمشین منگوالی

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کا عملہ جہاں شب و روز شہر کو سرسبز و شاداب رکھنے میں مصروفِ عمل ہے وہیں اس محکمہ کو جدیدمشینری سے آراستہ کرنا قابلِ ستائش ہے پی ایچ اے نے شہر میں قیمتی چھوٹے بڑے درختوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جڑ سے اکھاڑ کر زندہ صحیح سلامت ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے امریکہ سے جدید ٹری ٹرانسپلانٹر مشین منگوالی ہے ۔

پلانٹر مشین کے ذریعے شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے دوران کٹائی کی بجائے درختوں کی سالم منتقلی یقینی بنائی جائے گی جس سے بہت سے قیمتی درخت ضائع ہونے سے بچ جائیں گے۔یہ مشین اپنی نوعیت کے لحاظ سے پاکستان میں پہلی ٹری ٹرانسپلانٹر مشین ہے۔ریس کورس جیلانی پارک میں وائس چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور جناب افتخار احمد، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی میاں شکیل احمداورایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ناہید گل بلوچ نے ٹری ٹرانسپلانٹر کا معائنہ کیااس موقع پر پی ایچ اے کے دیگر افسران بھی ساتھ ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ٹری پلانٹر امریکہ جبکہ مشین سے منسلک ٹرک والوو کمپنی سویڈن سے منگوایا گیا ہے۔امریکہ سے آئے ماہرین نے پی ایچ اے کے عملہ کوٹری ٹرانسپلانٹر (مشین)کو آپریٹ کرنے کیلئے آگہی بھی دی۔