بلدیاتی اداروں کو اختیار ات نہ دینا عوامی مسائل میں اضافہ کا سبب ہے‘ذکراﷲ مجاہد

لاہور شہر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں دن بدن اضافے سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل چکا ہے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیار ات نہ دینا عوامی مسائل میں اضافے کا سبب ہیں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوئے ایک سال کے قریب ہو چکا ہے لیکن حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل نہیں کیے ہیں جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر کے اندر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، گلیاں اور سڑکیں سٹریٹ لائٹیں نہ ہونے کی بنا پر تاریکی کا شکار ہیں ۔ جس کی وجہ سے آئے روز حادثات روزکا معمول بن گئے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد گزرنے والوں کو آسانی سے لوٹنے لگے ہیں۔ سٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت اوردیکھ بھال پر مامور افراد اور ادارے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ لاہور انتظامیہ عوامی مسائل سے غافل بار بار یاد دہانی اور اخباری خبروں کے باوجود مسائل پر توجہ نہیں دے رہی۔ انھوں نے کہا کہ شاہراہوں پر صرف ایک لائٹ جل رہی ہوتی ہے تو دوسری خراب ہوتی ہے اور کئی کئی کلو میٹر فاصلے تک بعض سڑکیں مکمل طور پر تاریکی میں ڈوبی رہتی ہیں اور ان سڑکوں پر شہری روزانہ جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں لٹتے ہیں اور موبائل فون سمیت قمیتی اشیاء سے محروم ہو جاتے ہیں جبکہ پولیس ان واقعات کے مقدمات کا اندراج نہیں کرتی جس کی وجہ سے بہت سے واقعات حکومت اور میڈیا کی نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔