رائے ونڈ ‘کروڑوں روپے لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم مٹی کے ڈھیرمیں تبدیل

افسران کی مجرمانہ غفلت کے باعث انڈر گراؤنڈ واٹر سپلائی پائپ لائن سے شہریوں کو گندگی ملا پانی مل رہا ہے

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:16

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) کروڑوں روپے لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم مٹی کے ڈھیرمیں تبدیل ہو گئی ۔اقبال ٹاؤن افسران کی مجرمانہ غفلت کے باعث انڈر گراؤنڈ واٹر سپلائی پائپ لائن سے شہریوں کو گندگی ملا پانی مل رہا ہے ، اقبال ٹاؤن افسران انڈر گراؤنڈ پائپ لائن کی حفاظت کیلئے اقدامات نہیں کررہا ، گندگی اوربدبو سے بھرپور پانی پینے اور غسل کے قابل نہیں ہے ،انڈر گراؤنڈ پائپ لائنوں کو فوری طور پر چیک کروایا جائے اور صاف شفاف پانی کی فراہمی کیلئے ازسر نو اوپن پائپ لائن بچھائی جائے اہلیان شہر کا وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی سی او لاہور اور ایڈمنسٹریٹر علامہ اقبال ٹاؤن سے مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق انڈر گراؤنڈ واٹر سپلائی پائپ لائن انتہائی بوسیدہ ہوجانے کے بعد عوام کے پرزور اصرار پر جب 2011-12میں نئی پائپ لائن بچھانے کا مرحلہ آیا اس موقع پر اہلیان شہر نے واٹر سپلائی پائپ لائن اوپن بچھانے کیلئے بڑا واویلا کیا مگر زبردستی پھر انڈر گراؤنڈ ہی پائپ لائن بچھادی گئی ،بوسیدہ ہونے والی پائپ لائن دیگی تھی جبکہ نئی پائپ لائن پلاسٹک کی بچھادی گئی جو بچھائی کے دوران ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھی اسوقت بھی عوام نے شور مچایا مگر وہ بھی کسی کام نہ آیا ۔

(جاری ہے)

انڈر گراؤنڈ پلاسٹک پائپ لائن کے ثمرات اب عوام بھگت رہے ہیں جب پانی کی ترسیل شروع ہوتی ہے تو ٹوٹیوں سے گندگی اور کیچڑ نکلتا ہے کافی دیر پانی چلنے کے بعد صاف تو ہوجاتا ہے مگر اس میں سے بدبو ختم نہیں ہوتی جس سے نہ صرف یہ کہ پانی پینے کے قابل نہیں ہوتا بلکہ اس پانی سے نہانے سے پاک صاف بھی نہیں ہوا جاسکتا اور گندگی ملے پانی سے کپڑے دھونے پر پاک بھی نہیں ہوتے ۔

شہر ی کھارے پانی کے بور کروانے پر مجبور ہیں اور پینے کیلئے پانی راجہ جنگ نہر کے نلکوں کا تیس روپے کین منگوا کر پی رہے ہیں ،معززین شہر نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا تھا کہ جو پانی اشرافیہ پیتے ہیں وہی پانی عوام کو ملے گا اس لئے میاں صاحب اپنے بیان کے مطابق ڈی سی او لاہور اور ایڈمنسٹریٹر وٹی ایم او علامہ اقبال ٹاؤن کو فوری احکامات جاری کریں کہ انڈر گراؤنڈ بچھی پلاسٹک پائپ لائن کو فوری چیک کیا جائے اور تادیر پانی کی صاف ستھری ترسیل کیلئے دیگی پائپ لائن ازسر نو اوپن بچھائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :