Live Updates

عبدالعلیم خان سے عمران ٹائیگر فورس، آئی ایس ایف کی 30ستمبر کے مارچ کیلئے مشاورت و ملاقاتیں

حکومت کی مردم شماری میں ناکامی آئندہ انتخابات کو مشکوک بنانے کا پیش خیمہ ہے ‘صدر تحریک انصاف سنٹر ل پنجاب

جمعرات 22 ستمبر 2016 19:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی مردم شماری کرانے میں ناکامی سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جو درحقیقت آئندہ انتخابات کو مشکوک بنانے کا پیش خیمہ ہے ،عدالت عظمیٰ کی بار بار ہدایات کے باوجود مردم شماری کرانے سے انکار موجودہ حکومت کا پول کھولنے کیلئے کافی ہے جس کی ساڑھے 3برسوں کی کارکردگی زیرو سے آگے نہیں بڑھ سکی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام پر ہر سیاسی پارٹی عدم اعتماد کا اظہار کر چکی ہے جبکہ 2013کے عام انتخابات اور بعد میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں سامنے آنے والے حقائق تقاضا کرتے ہیں کہ مردم شماری کے ذریعے نئی حلقہ بندیاں کی جائیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتخابی نظام کو صاف وشفاف اور قابل بھروسہ بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلوں پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے لیکن نواز لیگ کی دلچسپی انتظامیہ کو ساتھ ملانے اور ملی بھگت کے ذریعے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے میں ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اس معاملے پر اسمبلیوں کے اندر اور باہر آواز بلند کرے گی ۔دریں اثناء عبدالعلیم خان سے عمران ٹائیگر فورس کے صدر سید راشد ریاض ،انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر گلریز اقبال ،آئی ٹی ایف پنجاب کی صدر ثانیہ کامران نے وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں اور 30ستمبر کے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے مشاور ت اور تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں اپنے اصولی موقف پر قائم ہے ہم ملک کو کرپشن سے نجات دلانا چاہتے ہیں تاکہ قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق صاف اور شفاف نظام میں ہر شہری کو اُس کا حق مل سکے ملاقات کرنے والوں نے یقین دلایا کہ 30ستمبر کو نوجوانوں کی بڑی تعداد رائیونڈ کا رخ کرے گی اور عمران خان کو زندہ دلان لاہور تاریخی پذیرائی دیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات