انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

ڈاکٹر طاہر القادری کی انتہا پسندی کے خاتمے اور فروغ امن کیلئے قومی و عالمی خدمات کو سراہا

جمعرات 22 ستمبر 2016 18:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) ایران ،امریکا اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں پر مشتمل 3 رکنی وفد نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر فارن افیئر جی ایم ملک ،سہیل رضا ،ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے وفد کا استقبال کیا۔

وفد میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا اور وحد ت المسلمین کے سیاسی امور کے انچارج ناصر شیرازی شامل تھے۔وفد میں شامل اسلامک ہیومن رائٹس کمیشن برطانیہ کے چیئرمین مسعود شاجرے، ڈائریکٹر سٹیزن انٹرنیشنل ملائیشیا محی الدین عبدالقدیر، اسلامک سنٹر واشنگٹن کے امام محمد ایچ آسی نے منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

وفد نے ڈاکٹر طاہر القادری کی انتہا پسندی کے خاتمے اور فروغ امن وتعلیم کے حوالے سے قومی ،بین الاقوامی ،اسلامی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا بالخصوص دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف دئیے جانے والے ان کے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ کو بے حد سراہا اور اسے عالم اسلام کاعلمی اثاثہ قرار دیااور کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ہماری قابل فخر شناخت ہیں۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے مہمانوں کو ڈاکٹر طاہر القادری کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے علمی ،تحقیقی خدمات اور مختلف ویلفیئر کے پراجیکٹس کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔وفد نے کہا کہ بین المذاہب و بین المسالک رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کے لیکچرز اور تحقیقی مواد نے بیرونی دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری کی امن عالم کیلئے کی جانیوالی عملی کوششوں ،فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کو ساری دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔تحریک منہاج القرآن عملی طور پر دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے اور معاشرے میں طبقاتی تقسیم کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے تحفظ و حقوق کی بھی بات کی ہے۔وفد نے کہا کہ دلی دعا ہے کہ ادارہ منہاج القرآن علم و امن کے فروغ کیلئے خدمات رہتی دنیا تک جاری و ساری رکھے۔

متعلقہ عنوان :