وزیر خزانہ کی میڈیا میں بہاما لیکس کی نشاندہی پر فوری تحقیقات کی ہدایت

معاملہ پر کسی کے ساتھ امتیازی برتاؤ نہ کیا جائے ٗاسحاق ڈار

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے میڈیا میں بہاما لیکس کی نشاندہی پر فوری تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ پر کسی کے ساتھ امتیازی برتاؤ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان اور ایف بی آر کی ایک ٹیم کے ساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بہاما لیکس میں جن افراد اور کمپنیوں کے نام آئے ہیں‘ ان کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات اور کارروائی کی جائے۔

وزیر خزانہ نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معاملہ پر کسی کے ساتھ امتیازی برتاؤ نہ کیا جائے اور تمام قانونی ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری تحقیقات شروع کی جائیں۔