Live Updates

نواز شریف نے اقوام متحدہ میں عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا جزوی مقدمہ پیش کیا ‘ اعجاز احمد چوہدری

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی گرفتاری ، بلوچستان میں بھارتی مداخلت ، دہشت گردی کی کاروائیاں اور اڑی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے معاملے کو نہ اٹھانا سمجھ سے بالاتر ہے ‘ رہنما تحریک انصاف

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدر ی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں خطاب کے موقع پر عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا جزوی مقدمہ پیش کیا ،بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی گرفتاری ، بلوچستان میں بھارتی مداخلت ، دہشت گردی کی کاروائیاں اور اڑی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے معاملے کو نہ اٹھانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا ، بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے ،بھارت جدو جہد کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتا، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خود اردیت دلائیں ، بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے کشمیر میں پلیٹ گن کا استعمال عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام رکوائے زیادہ دیر تک بھار ت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو یرغمال نہیں رکھ سکتا ، مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے عالمی سطح تک مؤثر سفارت کاری کی اشد ضرورت ہے بھارت پاکستان کے خلاف الزام تراشی کی سیاست بند کرے اور مسئلہ کشمیر کو فوری حل کرے ،عالمی برادری اپنا دوہرا معیار فوری ختم کرے۔

مودی نے پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیاں کروا رہا ہے لیکن ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، تمام ثبوت ہونے کے باوجود حکمران بھارت کے خلاف آواز بلند نہیں کر رہے تحریک انصاف کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پی ٹی آئی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات