پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپورطریقے سے جاری رکھے گا‘ گورنر پنجاب

اقتصادی ترقی کی منزل حاصل کیے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ‘ ملک محمد رفیق رجوانہ

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کی منزل حاصل کیے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا یہی وجہ ہے کہ حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا خطاب نہ صرف کشمیریوں بلکہ پاکستانی عوام کے جذبات کی بھی عکاسی کرتا ہے، پاکستان مستقبل میں بھی کشمیری عوام کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپورطریقے سے جاری رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے وفد سے گفت گو کے دوران کیا ، جنہوں نے آج گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں عبدالسمیع خان، خواجہ عاطف احمد، چوہدری عرفان الہی اورجہانزیب ملک نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے پاکستان کا 2008ء کے پاکستان سے موازنہ کر کے دیکھ لیں آپ کو تقریبا ہر شعبے میں بہتری نظر آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم پاکستان ہی ہماری منزل ہے اور اب ہم منزل کے قریب پہنچنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج صنعت کو بلا روک ٹوک توانائی فراہم کی جا رہی ہے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔بڑی بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں جبکہ معاشی شعبے میں حوصلہ افزا اعشاریے ظاہر ہو رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا اور اس سے ملک میں ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا ادراک اور ان کا حل اس وقت آسا ن ہو جاتا ہے جب حکومت اور عوام میں مسلسل رابطہ رہے ۔ انہوں نے کہا حکومت پٹرولیم مصنوعات کے ڈیلر زکی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اِن کی کمیشن سے متعلق تحفظات سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے متعلقہ احکام کو آگاہ کریں گے۔ وفد نے اپنے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ معاشی ترقی کے عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔