وزیراعظم نواز شریف پر پاناما لیکس کا دباؤ بڑھتا ہی جائیگا ٗاعتزاز احسن

نیب ٗایف بی آر سربراہان کا پاناما تحقیقات پر ممکن نہ ہونے کا کہنا شرمناک ہے ٗمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22ستمبر ۔2016ء) سینٹ میں قائد احزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پر پاناما لیکس کا دباؤ بڑھتا ہی جائیگا ٗ نیب ٗایف بی آر سربراہان کا پاناما تحقیقات پر ممکن نہ ہونے کا کہنا شرمناک ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف اپوزیشن کے ٹی او آر ٗ پارلیمنٹ میں قبول کرکے بچ سکتے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کیلئے پاناما لیکس کا معاملہ ختم نہیں ہو گا ٗوزیراعظم نے اپنے بیٹے کا ٹی وی پر بیان ریکارڈ کرا کے بڑی غلطی کی،وزیراعظم کے ثبوت مشرق اور بیٹے کا بیان مغرب کو جاتا ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس سے متعلق وزیر اعظم کے ثبوت مشرق کی طرف اور بیٹے کا بیان مغرب کی طرف جاتا ہے، ان کے لئے مشکل وقت آرہا ہے، پاناما لیکس کا معاملہ ختم نہیں ہو گا بلکہ اس کا دباؤ بڑھتا ہی جائے گا ۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم کی دل کی سرجری کے حوالے سے ان کے پاس کوئی حتمی ثبوت نہیں، ماہر ڈاکٹرز سوال اٹھا رہے ہیں کہ سرجری کے کئی دن بعد بھی سیڑیاں نہیں چڑھ سکتا ٗاوپن ہارٹ سرجری موت کے قریب جانے کے مترادف ہے تاہم اس موقع پر وزیر اعظم کی بیٹی ان کے ساتھ کیوں لندن میں موجود نہیں تھیں، نواز شریف جس ہسپتال میں زیر علاج تھے اس کے بارے مشہور ہے کہ وہاں آپریشن ہوتا ہی نہیں۔