ہندوستان کی آٹھ لاکھ فوج 25 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھارہی ہے ‘مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاء میں امن کی ضمانت ہے‘ اقوام متحدہ میں نواز شریف نے پاکستانی و کشمیری قوم کی بہترین ترجمانی کرکے دنیا کو باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر کو بھارتی جارحیت کی نظرنہیں ہونے دیا جائیگا‘ نواز شریف وطن واپسی پر سینٹ و پارلیمنٹ اور آل پارٹیز کانفرنس طلب کریں اور مسئلہ کشمیر کی پیش رفت کے حوالے سے سب کو اعتماد میں لیں ‘کشمیری و حریت قائدین دفاعی اداروں سے مشاورت کے بعد قومی کشمیر پالیسی کاا علان کیاجائے

مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کی وفود سے بات چیت

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:29

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان کی آٹھ لاکھ فوج 25 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھائے ہوئے ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاء میں امن کی ضمانت ہے۔ اقوام متحدہ میں میاں نواز شریف نے پاکستانی و کشمیری قوم کی بہترین ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کو باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر کو ہندوستانی جارحیت کی نظرنہیں ہونے دیا جائے گا۔

نواز شریف وطن واپسی پر سینٹ و پارلیمنٹ اور آل پارٹیز کانفرنس طلب کریں اور مسئلہ کشمیر کی پیش رفت کے حوالے سے سب کو اعتماد میں لیں اور کشمیری و حریت قائدین دفاعی اداروں سے مشاورت کے بعد قومی کشمیر پالیسی کاا علان کریں ۔

(جاری ہے)

مودی سرکار اندرونی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان سے ٹکراؤ چاہتی ہے۔ چین اور ترکی کی مسئلہ کشمیر پرحمایت پاکستان کے لیے سرمایا ہے ۔

اقوام متحدہ اپنی ہی پاس کردہ قرارداد وں پر عملدرآمد کروائے۔ نواز شریف ، سیکرٹری جنرل UNO کومقبوضہ کشمیر اور حریت قائدین کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں۔ تاریخ کے طویل ترین کرفیو نے کشمیریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق نے کہا کہ مودی ناکام ترین حکمران ثابت ہوئے جسکی وجہ سے انتہا پسند شیوسینا، آر ایس ایس ان سے ناراض ہیں۔

مودی اندرونی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان کے ساتھ محاذ کھولنا چاہتا ہے لیکن ہندوستان یاد رکھے 25 سال سے 8 لاکھ ہندوستانی فوجی نہتے کشمیریوں کو کنٹرول نہیں کر سکے تو پاکستانی قوم و فوج کے ساتھ کیا مقابلہ کریں گے۔ دنیا مودی کی جنونیت کا نوٹس لے جب بھی اقوام متحدہ کا اجلاس ہوتا ہے تو ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی واقعہ کرا کر پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے اور اپنی مظلومیت کا رونا روتا ہے۔

حالانکہ دنیا اس بات سے باخبر ہے کہ بلوچستان ، کراچی اور فاٹاسمیت پاکستان بھر میں ’’را‘‘ اور اس کے کارندے دہشت گرد کا رروائیوں میں ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ وادی کے دورے کی اجازت نہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستانی فورسز ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہیں ۔ ہزاروں کشمیری زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلاء ہیں ۔

دنیا کو چاہئے کہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اقوام متحدہ میں جاندار موقف اپنایا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ چین اور ترکی کا پاکستانی موقف کی حمایت مسئلہ کشمیر پر بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستانی فوج کے ساتھ ملکر ہندوستان کے جنگی عزائم خاک میں ملا دینگے ۔ جنرل راحیل شریف کے دلیرانہ موقف کے بعد کشمیری عوام میں جوش ولولہ بڑھا ہے۔ دریں اثناء گزشتہ شام جب سردار عتیق احمد خان فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جدہ سے اسلام آباد پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے انکا والہانہ استقبال کیا اور مبارکباد دی۔